Submitted by گمنام (غیر مصدقہ) on Tue, 09/14/2021 - 14:56
HINA MOHSIN
ایک درخشاں مثال۔ حنا محسن

حنا محسن صرف ایک بیوٹیشن نہیں بلکہ کامیابی کی وہ داستان ہے جو معاشرے کی دقیانوسی روایات سے آزاد ہو کر خود مختار بننے کے لئے ہر عورت کو متاثر کرتی ہے ۔ ابتدائی مشکلات کے بعد اب وہ اپنا بیوٹی سیلون چلا رہی ہے جس نے صرف تین قرضوں میں کافی ترقی کر لی ہے۔ ایک وقت تھا جب حنا محسن بھی دیگر افرادِ خانہ کی طرح اپنے والد پر انحصار کرتی تھی لیکن اب وہ اپنے خاندان کو ایک باعزت، آرام دہ اور محفوظ زندگی فراہم کر رہی ہے۔  

ایک اوسط پس منظر رکھنے والی حنا اپنے خاندان کے لئے ایک بیٹی سے بڑھ کر کچھ بننا چاہتی تھی۔ وہ زندگی کی اس گاڑی میں دوسرا پہیہ بننا چاہتی تھی۔ وہ تربیت یافتہ بیوٹیشن تھی لیکن اس کے اور اس کے خواب کے درمیان دو بڑی رکاوٹیں حائل تھیں. اول یہ کہ اس کے پاس سیلون خریدنے یا کرایہ پر لینے کے لئے رقم نہیں تھی اور دوئم یہ کہ اس کے پاس کاسمیٹکس کے اچھے برانڈز میں سرمایہ کاری کے لئے پیسے نہیں تھے کیونکہ تمام اچھے برانڈ کے کاسمیٹکس کی خریداری کے لیے خاصی رقم درکار ہوتی ہے۔ اس کے مصمم ارادے کو دیکھتے ہوئے گھر والوں نے اسے کام کے لیے گھر کے اندر ہی ایک کمرہ دے دیا لیکن اس سے زیادہ ان کے بس میں کچھ نہیں تھا۔

کہاوت ہے کہ جہاں چاہ وہاں راہ بالکل اسی طرح حنا کی قسمت نے اسے خوشحالی بینک کی قرضہ اسکیم سے روشناس کرایا۔ اِسے اپنی خوش نصیبی سمجھتے ہوئے اس نے قرض کے لئے درخواست دی اور منظوری کے بعد وہ بہترین معیار کی کاسمیٹکس خرید کے گھر لائی اور جلد ہی اس نے اپنے راستے کی ہر رکاوٹ دور کر دی.

ایک چھوٹے کاروبار کی کامیاب مالک حنا کا بیوٹی سیلون ایک ابھرتا ہوا کاروبار ہے جہاں مخلص صارفین اپنی جمالیاتی ضروریات پوری کرنے کے لیے آتے ہیں۔ اس کے کاروبار کو فروغ دینے والے اہم عوامل اس کی مہارت اور غیرمتزلزل عزم ہیں۔ اپنے کلائنٹس کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لئے وہ جدید رجحانات اور سٹائلز سے باخبر رہتی ہے۔ لیکن اسے اپنی جدوجہد کے دن آج بھی یاد ہیں۔ حنا کا کہنا ہے کہ میں اس شعبے میں دلچسپی رکھنے والی خواتین کے لئے باقاعدہ تربیتی کلاسز کے آغاز کا منصوبہ بنارہی ہوں تاکہ وہ اپنے پاؤں پرکھڑی ہو سکیں اور ایک باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔

اس کا ماننا ہے کہ کام کے ساتھ اسکی بے لوث لگن اپنے صارفین کو بہتر سروسز فراہم کرنا اور خوشحالی بینک کی جانب سے بروقت مالی تعاون نے اس کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ حنا نے کہا کہ میں کسی معروف علاقے جیسا کہ گلبرگ یا ایم ایم عالم روڈ پر اپنے بیوٹی سیلون کی برانچ کھولنا چاہتی ہوں جہاں تمام جدید سازوسامان اور جِلد کے لیے ضرررساں اثرات سے پاک کاسمیٹکس کی وسیع رینج موجود ہو۔

آج اپنی برادری میں حنا محسن کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور لوگ اس کی سخت محنت اور حوصلے کی وجہ سے اسے سراہتے ہیں۔ وہ غربت سے نکلنے کے لیے بے شمار لوگوں کے لئے تحریک کا ذریعہ ہے- حنا کئی لوگوں کو مائیکرو فنانس کے ذریعے خودمختاری حاصل کرنے کے لئے قائل کر چکی ہے اور روزگار کے مواقعے پیدا کر کے معاشرے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے.